لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے وادی میں حالیہ برفباری اور بجلی کی فراہمی ، سڑکوں ، پانی کی فراہمی اور دیگر ضروری خدمات کی بحالی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے ، وادی کے تمام اَضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنران ، کے پی ڈی سی ایل کے چیف اِنجینئران ، کے پی ٹی سی ایل ، ایم اِی ڈی ، پی ایچ اِی اور دیگر اَفسران نے شرکت کی ۔لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے وادی میں برفباری کے بعد کے منظر نامے کا جائزہ لیتے ہوئے وادی کے ہر ضلع میں بجلی کی فراہمی اور ترسیلی لائنوں کی بحالی کا جائزہ لیا۔صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے نے میٹنگ کو وادی میں بجلی کی فراہمی کی بحالی میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کے بارے میں جانکاری دی ۔ اُنہوں نے کہا کہ کولگام کے کچھ حصوں کو چھوڑ کر بیشتر علاقوں میں شام تک بجلی کی سپلائی بحال کی جائے گی ۔صوبائی کمشنر کشمیر نے برف صاف کرنے کے بارے میں کہا کہ ایم اِی ڈی نے ترجیحی مرحلہ اوّل کے تحت صد فیصد سڑکوں کو برف سے صاف کیا ہے جبکہ مرحلہ دوم کے تحت تمام سڑکیں آج شام تک صاف کی جائیں گی۔اِس کے علاوہ پی ڈبلیو ڈی نے صبح 11بجے تک 75فیصد سڑکوں سے برف صاف کی ہے جبکہ باقی شام تک صاف کی جائے گی۔اِسی طرح انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مانٹیر کرنے کے لئے مختلف مارکیٹ چیکنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو مارکیٹوں کا معائینہ کرتے ہیں اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہیں۔دریں اثناء پرنسپل سیکرٹری نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ فیلڈ انسپکشن کریں اور سکولوں ، ہسپتالوں اور دیگر اِداروں کا معائینہ کریں تاکہ ان کے کام کاج کو چیک کیا جاسکے اور اِن اِداروں کو فعال کیا جائے کیوں کہ کووِڈ وَبائی بیماری تقریباً ختم ہوچکی ہے۔اُنہوں نے صوبائی کمشنر کشمیر سے یہ بھی کہا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ سیاحوں کو پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور سیاحتی مقامات کے لئے سڑکیں کھلی رکھنے کی ہدایت دی۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے بتایا کہ گلمرگ اور مشہور سیاحتی مقامات کی طرف سے جانے والی سڑکوںکو پہلے ہی برف سے صاف کیا گیا ہے جبکہ پروازوں سے متعلق معاملات کو بھی حل کیا گیا ہے۔