لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کنونشن سینٹر میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم کے طور پر سمارٹ میٹر وںکے ساتھ نصب کئے جانے والے علاقوں کو آخری صارف تک معیاری بجلی بلا خلل فراہم کی جائے گی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اعلان کیا کہ آج سے جموں کے 4فیڈروں سے جڑے 6,603 سمارٹ میٹر گھرانوں کو معیاری بجلی ملے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہاکہ میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سمارٹ میٹر لگائیں، چوری پر قابوپانے اور فضول خرچی کو کم کرنے میں اِنتظامیہ کی مدد کریں۔اُنہوں نے کہا کہ یہ اِقدام صارفین کو اَپنے بجلی کے اِستعمال کی نگرانی کرنے اور اس کے مطابق اسے منظم کرنے کے قابل بنائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ پری پیڈ فیچر آنے والے دِنوں میں فعال کیا جائے گااورصارفین کو مطلوبہ بجلی فراہم کرے گا۔اُنہوں نے مزیدکہا کہ کشمیر میں بھی اِسی طرح کے اِنتظامات کی تقلید کی جارہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ گذشتہ سات دہائیوں سے بجلی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے کوئی قابلِ اعتماد کو ششیں نہیں کی گئیں اور نہ ہی ترسیل اور تقسیمی صلاحیت کو مضبوط کیا گیا۔ اُنہوں نے مزید کہاکہ موجودہ حکومت گذشتہ ڈیڑھ برس سے صارفین کو بجلی کی قابل اعتماد فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ٹرانسمیشن کے نقصانات کو کم کرنے اور ڈسٹری بیوشن کی کارکردگی کو بہتربنانے کے لئے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔