موسمی صورتحال کے باعث وقفے وقفے سے کئی دن معطل رہنے والی سالانہ امرناتھ یاترا2022کے33دن مکمل ہوگئے ہیں ،اورابتک تقریباً3لاکھ یاتری امرناتھ گھپا میں سجدہ ریز ہوچکے ہیں ۔اس دوران ایک دن کی خلل کے بعدمنگل کی صبح یاترادونوں راستوں سے بحال ہوگئی جبکہ بھگوتی نگرجموں بیس کیمپ سے منگل کی صبح روانہ ہونے والے یاتری دوقافلوں میں سہ پہر کے وقت بال تل اورنون ون پہلگام پہنچ گئے ،اوریوں جموں سے کشمیر پہنچنے والے یاتریوں کی تعدادڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ۔جے کے این ایس کے مطابق سالانہ امرناتھ یاترا خراب موسم کی وجہ سے ایک دن کےلئے عارضی طور پر معطل رہنے کے بعد منگل کی صبح دونوں راستوں یعنی نون ون پہلگام اور بال تل سے دوبارہ شروع ہوئی۔حکام نے بتایاکہ امرناتھ یاتریوں کوصبح کے وقت موسم خشک ہونے کے بعدامرناتھ گھپا کی جانب جانے کی اجازت دی گئی ۔حکام نے مزید کہاکہ منگل کوصبح 11بجے تک تقریباً500یاتریوں نے امرناتھ گھپا میں شیولنگم کادرشن کیا۔اُن کاکہناتھاکہ467یاتریوں نے منگل کی صبح11 بجے تک گھپامیں سجدہ کیا اور اب تک سجدہ ریز ہونے والے یاتریوں کی کل تعداد2لاکھ96ہزار630 ہوگئی ہے۔حکام کے مطابق منگل کی سہ پہر تک مزید1000سے زیادہ یاتریوںنے شیولنگم کادرشن کیا ،اوریوں 43روزہ یاترا کے33ویں دن امرناتھ گھپا پہنچ کر یہاں رجدہ ریز ہونے والے یاتریوںکی تعدادتقریباً3لاکھ ہوگئی ۔دریں اثناءحکام نے بتایاکہ بھگوتی نگرجموں بیس کیمپ سے یاتریوں کی کشمیر آمد کاسلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ570 یاتریوں کا 33 واں قافلہ21گاڑیوں میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس کی سخت حفاظت کے درمیان روانہ ہوئے۔حکام کے مطابق10گاڑیوںمیں سوار ہوکریہاں سے روانہ ہونے والے346 یاتریوںکا پہلا پڑاؤ بال تل ہے جبکہ 11گاڑیوںمیں سوار ہوکرروانہ ہونے والے224یاتریوں کی پہلی منزل نون ون پہلگام بیس کیمپ ہے۔حکام کاکہناتھاکہ نون ون پہلگام اوربال تل سے منگل کی صبح 633یاتری بشمول105خواتین ،نیزپانچ بچوں وپانچ سادھوؤں کے پہاڑی راستوں سے امرناتھ گھپا کی جانب روانہ ہوئے ۔انہوںنے بتایاکہ بال تل سے درجنوںیاتری ہیلی کاپٹر میں سوار ہوکر امرناتھ گھپا پہنچے ،اوریہ کہ مزید یاتریوں کوبھی ہیلی کاپٹر کے ذریعے گھپا تک پہنچایاجائے گا۔حکام نے بتایاکہ30جون کوشروع ہونے والی 43روزہ سالانہ امر ناتھ یاترا 2022،11اگست کورکھشابندھن کے موقعہ پراختتام ہوگی۔