بشارت رشید
اونتی پورہ: جہاں وادی بھر میں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں کھیل کود میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، وہی جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ تحصیل کے چرسو گاؤں سے تعلق رکھنے والی 14 سالہ ووشو کھلاڑی سائرہ حمید بھی اپنی محنت کے ساتھ ضلع، ریاستی اور قومی سطح پر مختلف مقابلوں میں شاندار کارکردگی دکھا رہی ہیں۔ مزکورہ کھلاڑی حاجہ احد پبلک اسکول اونتی پورہ میں زیر تعلیم ہے، جس نے حال ہی میں کھیلوں انڈیا نارتھ زون مقابلے میں کانسی کا میڈل جیتا ہے، جس کے بعد اس کی سراہنا کی گئی۔ سرینگر میل سے بات کرتے ہوئے سائرہ حمید نے کہا کہ ووشو ایک زبردست کھیل ہے جس میں کھلاڑیوں کو کافی مواقعے فراہم کئے جاتے ہیں، جبکہ یہ کھیل نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو جو خواہشمند کھلاڑی اس کھیل میں حصہ لینا چاہتے ہیں، وہ کوچنگ حاصل کرنے کے لئے آگے آئیں۔ سائرہ نے اپنے کوچ شعیب امین، ڈی سی پلوامہ بصیر الحق چودھری، ایس ایس پی اونتی پورہ محمد یوسف اور دیگر افراد کا ان کی بروقت حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ ادھر پرنسپل حاجہ احد پبلک اسکول امتیاز احمد نے سائرہ کو نارتھ انڈیا گیمز میں کانسی کا میڈل جیتنے پر مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ آنے والے وقت میں بین الاقوامی سطح پر کھیلے گی۔