سری نگر:28،نومبر: کے این ایس : موسم سرما میں بھی محکمہ آیوش پلوامہ کی سرگرمیاں جاری ہیں محکمہ کی جانب سے آج سیمو ترال علاقے میں مفت آیوش میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا کیمپ کے دوران بڑی تعداد میں مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا اور ساتھ ہی ان میں مفت ادویات تقسیم کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال میں محکمہ آیوش پلوامہ نے کامران ہیلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے تعاون سے ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ جس کی افتتاح علاقے کی کئی شخصیات کی موجودگی میں کیا گیا۔اس موقع پر علاقے کے سرپنچ ، محکمہ تعلیم کے سابق استاد اچھپال سنگھ اور ماسٹر راجندر سنگھ کے علاوہ دیگر کئی شخصیات موجود تھیں۔سینکڑوں افراد نے اس میڈیکل کیمپ سے استفادہ حاصل کیا۔عوام نے اس طرح کے کیمپس کو مستقبل میں بھی منعقد کرانے کی ضلع انتظامیہ پلوامہ اور محکمہ آیوش سے اپیل کی تاکہ علاقہ کے پسماندہ لوگ مستفید ہوسکیں۔نمائندے کے مطابق سخت سردی کے باوجود ضلع پلوامہ میں محکمہ آیوش کی سرگرمیاں شدومد سے جاری ہیں۔اس دوران ڈسڑکٹ نوڈل آفیسر آیوش پلوامہ ڈاکٹر مشتاق احمد نے یونانی ادویات کی اہمیت و افادیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ طب یونانی ہمارا عظیم سرمایہ ہے۔یہ طریقہ علاج ملک بھر میں مقبول ہو رہا ہے۔انہوں نے نمائندے کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کا رجحان اب تیزی کے ساتھ یونانی علاج کی طرف بڑھ رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سال 2022 میں بھی ضلع پلوامہ کے دور دراز علاقوں میں بڑے پیمانے پر آیوش میڈیکل کیمپ منعقدکئے گئے۔