†سری نگر :۶۱،دسمبر: مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے جمعہ کو کہا کہ پچھلے ایک سال میں آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت1500 سے زیادہ نجی اسپتالوں کو فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے لوک سبھا میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آیوشمان بھارت اسکیم کا ہر ماہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اسکیم کے تحت مریضوں کے جیب سے باہر ہونے والے اخراجات میں کمی آئی ہے۔2018 میں شروع کی گئی اسکیم کے تحت، مرکزی حکومت10 کروڑ خاندانوں یا ہندوستان کے50 کروڑ لوگوں کو صحت کا تحفظ فراہم کرتی ہے۔ مرکزی وزیر صحت نے کہا کہ آج ساڑھے4 کروڑ ضرورت مندوں کو اسکیم کے تحت فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ7سے8 لاکھ مستفید ہونے والے کارڈ روزانہ چھاپے جاتے ہیں اور وزارت اس بات کو یقینی بنانے کےلئے کام کر رہی ہے کہ اگلے4 سے 6 ماہ میں 50 کروڑ کارڈ دستیاب کرائے جائیں۔قابل ذکر ہے کہ غریب اور ضرورت مند لوگ آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت آتے ہیں اور وہ 5 لاکھ روپے کا ہیلتھ سیکورٹی کور حاصل کرسکتے ہیں۔ کوئی بھی اسپتال اسکیم کے تحت پینل میں شامل ہوسکتا ہے ۔ مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے وقفہ سوالات کے دوران کہاکہ پچھلے ایک سال میں1500 سے زیادہ نجی اسپتالوں کو اس اسکیم کے تحت شامل کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر صحت نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت اب تک 22000 سرکاری اور نجی اسپتالوں کو شامل کیا گیا ہے۔