سری نگر :۷۱،دسمبر: جے کے این ایس : جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راجوری میں جمعہ کی صبح پیش آنے والے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے ہفتہ کے روز فائرنگ میں ہلاک ہونے والے 2افرادکے لواحقین کےلئے فی کنبہ 5 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔جے کے این ایس کے مطابق جموں وکشمیرکے لیفٹنٹ گورنرکے دفتر کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے ایل جی موصوف سے منصوب ایک ٹویٹ کیاگیاہے ،جس میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کے حوالے سے لکھاگیاہے کہ ”راجوری میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ سوگوار خاندانوں سے تعزیت۔ ایک زندگی کی قیمت مالی لحاظ سے مقرر نہیں کی جا سکتی لیکن پھر بھی میں ہر متاثرہ خاندان کےلئے پانچ لاکھ روپے کی ایکس گریشیا ریلیف کا اعلان کرتا ہوں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جمعہ کی صبح پیش آئے اس افسوسناک واقعے کے حوالے سے پولیس نے ایف آئی درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج ڈاکٹر حسیب مغل نے جمعے کے روز کہاکہ راجوری میں پیش آئے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہوگی۔راجوری میں مظاہرین کے ساتھ بات چیت کے بعد نامہ نگاروں کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج ڈاکٹر حسیب مغل نے کہاکہ راجوری میں پیش آئے واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرنے کے احکامات صادر کئے گئے۔ڈی آئی جی نے لوگوں کو یقین دلایا کہ معاملے کی غیر جانبدرانہ تحقیقات ہوگی اور سب کچھ سامنے لایا جائے گا۔یادرہے جمعہ کوعلی الصبح تقریباً سوا6بجے ایک آرمی کیمپ کے باہر پیش آئے فائرنگ کے واقعے میں2مقامی افراد ازجان اوراُتراکھنڈ کاایک شہری زخمی ہوگیاتھا،جو فوجی اسپتال میں زیرعلاج ہے ۔