کپواڑہ/12اپریل2023ئضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ ڈاکٹر ڈائیفوڈ ساگر دتاترے نے سرحدی علاقے کیرن کے لوگوں کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے آج یہاں ڈی سی آفس کپواڑہ سے کیرن علاقے کے لئے نئی الاٹ کی گئی ایس آر ٹی سی بس کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔اِس موقعہ پر ڈی ڈی سی ممبر کرالپورہ ایڈوکیٹ مسرت ، بی ڈی سی چیئرپرسن کیرن محمد سیّد خواجہ ، ایس آر ٹی سی کپواڑہ کے اَفسران اور ملازمین کے علاوہ کیرن جانے والے مسافر بھی موجود تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے میڈیا اَفراد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بس سروس کا مقصد دیائے کشن گنگا کے کنارے واقع کیرن کے علاقے کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیت فراہم کرنا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ آرام دہ سفری تجربہ فراہم کرنے والی بس سیاحوں کو خوبصورت وادی کیرن اور فرکیان ٹاپ ، میلیال ، کچاما جانے میں سہولیت فراہم کرے گی ۔ اِس کے علاوہ مقامی لوگوں کو ان کے آنے اور جانے کے سفر میں فائدہ پہنچے گا۔ ڈاکٹر ڈائیفوڈ ساگر دتاترے نے مزید کہا کہ رواں مالی برس کے دوران کپواڑہ ضلع کے دیگر سرحدی علاقوں میں مزید بسیں الاٹ کی جائیں گی جس سے سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور ضلع میں نئے سیاحتی مقامات کی تلاش میں بھی مدد ملے گی۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں سیاحوں کی تعداد میں اِضافہ ہوا ہے ۔ضلع کپواڑہ میں سیاحتی شعبے کو فروغ دینے کے لئے ضلع اِنتظامیہ کی طرف سے ٹرانسپورٹ خدمات ، سڑک رابطہ ، ہوم سٹے اور دیگرمتعلقہ سہولیات کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جارہا ہے ۔
دریں اثنا، کیرن اور کرالپورہ اور دیگر راستے کے علاقوں کے پی آر آئی اور مقامی لوگوں نے ان کے لئے بس سروس شروع کرنے، ان کے سفر کو آسان اور آرام دہ بنانے کے لئے ضلع اِنتظامیہ کپواڑہ کا شکریہ اَدا کیا ہے ۔
اِس موقعہ پر ایس آر ٹی سی کے اَفسران نے کہا کہ یہ بس روزانہ کی بنیاد پر کپواڑہ سے کیرن تک چلے گی۔