سری نگر:15،مئی : وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ اگر پاکستان دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ بنا رہا تو اس کے ساتھ بات چیت کبھی نہیں ہو سکتی۔چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ کچھ بھارت مخالف طاقتیں ہیں جو بھارت کی ترقی اور طاقت کو ہضم نہیں کر پا رہی ہیں۔کشمیر نیوز سروس( کے این ایس ) کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ ان میں بھارت کا براہ راست سامنا کرنے کی طاقت نہیں ہے اس لیے وہ دہشت گردی جیسی پراکسی وار کا سہارا لیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اڑی اور پلوامہ واقعہ کے بعد مسلح افواج نے سرجیکل اسٹرائیک اور فضائی حملوں کے ذریعے ایک مضبوط پیغام دیا کہ وہ ملک کے اندر یا سرحد پار دہشت گردی سے لڑنے اور اسے ختم کرنے کے لئے تیار ہیں۔سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دفعہ 370کو منسوخ کر دیا گیا ہے اور دہشت گردی کے خلاف موثر کارروائی کی گئی ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت، عوام کی حفاظت اور قوم کے اتحاد، سالمیت اور خودمختاری کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔سنگھ نے زور دے کر کہا کہ ملک کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنے کو یقینی بنانے کے لیے تمام کوششیں کی جا رہی ہیں۔دفاعی شعبے میں ترقی کے بارے میں بات کرتے ہوئے سنگھ نے کہا، ہندوستان نہ صرف اپنی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دفاعی ساز و سامان تیار کر رہا ہے بلکہ دوست ممالک کی سلامتی کی ضروریات کو بھی پورا کر رہا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ دفاع سمیت تمام شعبوں نے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کیا ہے اور یہ دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بن گئی ہے۔