سری نگر:یکم جون:جموں وکشمیرکے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کوکہاکہ دودھ کاشعبہ معاشرے کی خوشحالی اور کاشتکار خاندانوں کی معاشی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے مویشیوں کے انتظام اور پیداواری صلاحیت کو فروغ دینے کیلئے تحقیق پر زوردیتے ہوئے کہاکہ مسلسل کوششوں اور لازمی ترمیمات کیساتھ ہم دیہی آبادی کی معاشی ،مالی اورسماجی حالت میں بہتری کے عمل کوتقویت دے سکتے ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق جموں وکشمیر کے محکمہ زراعت کی پیداوار کے تعاون سے محکمہ حیوانات اور ڈیری کے ذریعہ منعقدہ جانوروں اور دودھ کے شعبے کےلئے عالمی یوم دودھ کی تقریب اور سمر میٹ سے خطاب کرتے ہوئےلیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ جموں وکشمیر میں زراعت سے جڑے سبھی سیکٹروںمیں بتدریج بہتری آرہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ زرعی شعبے سے جڑے مختلف سیکٹروں بشمول زراعت ،باغبانی ،مویشی پالن اور ڈیری سیکٹر کو فروغ دیکر ہم نہ صرف جموں وکشمیرکی GDPیعنی مجموعی ملکی پیداوارمیں اضافہ کرسکتے ہیں بلکہ ہم زمینداروں اوردیہی عوام کی حالت زندگی میں بھی کافی بہتری لاسکتے ہیں ۔منوج سنہا نے کہاکہ اگر زرعی سرگرمیوں سے وابستہ مختلف طبقوں بشمول زمینداروں ،کسانوں،کاشتکاروں ،مویشی پالنے والوں اور گھروںمیں گائے پالنے والوں کے اس روایتی کام کوصحیح سمت دی جائے تو ہمارے گاﺅں خوشحالی ہوجائیں گے اوردیہی عوام کی معاشی حالت میں بہتری اُن کو سماجی سطح پراستحکام دے گی۔انہوںنے کہاکہ ڈیری سیکٹر یعنی دودھ کاشعبہ معاشرے کی خوشحالی اور کاشتکار خاندانوں کی معاشی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرتا ہے