سری نگر22 دسمبر ,جموں کے راجوری ضلع کے اس علاقے میں جمعہ کے روز دوسرے دن بھی وسیع جنگلاتی علاقے میں تلاشی آپریشن جا ری رہا ہے جہاں جمعرات کو ملی ٹینٹوں نے ایک فوجی گاڑی پر حملہ کیا تھا جس میں5اہلکار ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوئے تھے ۔اس دوران علاقے میں 15سے20افراد کو بھی پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لیا گیا ہے تاکہ حملہ آوروں کے بارے میں کوئی سراغ مل سکے ۔اس دوران جمعہ کے روز ہی قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے جائے جھڑپ کا دورہ کیا ہے اور اس حملے کو ہر زوایہ سے دیکھا ہے ۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق میڈیا رپوٹس میں سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں کی تلاش کے لئے علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ وہاں چھپے دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لئے فضائی نگرانی کی جا رہی ہے اور سنیفر کتوں کو بھی کام پر لگایا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ محاصرے کو سنگین تر کرنے کے لئے فوج کی اضافی کمک کو طلب کیا گیا ہے۔اس دوران مقامی میڈیا رپوٹس میں بتایا گیا کہ یہاں تلاشی کارروائیوں کے دوران علاقے میں پوچھ تاچھ کے لئے15سے 20افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ علاقے میں فوج پولیس اور سی آر پی ایف کے ساتھ ساتھ باقی فورسز کو علاقے میں طلب کیا گیا ہے ہر آنے جانے والے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے جبکہ گاڑیوں اور انسانوں کی جامہ تلاشیوں کے بعد ہی کسی کو آگےجانے کی اجازت دی جا رہی ہے ۔ ادھر جمعہ کو قومی تحقیقاتی ایجنسی کی ایک ٹیم پونچھ میں دہشت گردانہ حملے کے مقام پر پہنچ گئی ہے جہاں پانچ فوجی جوان جاں بحق اور دو زخمی ہوئے تھے۔ جمعرات کو، تقریباً پوجے چاربجے، فوج کی دو گاڑیاں جو اہلکاروں کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے مقام پر لے جارہی تھیں، سورنکوٹ پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں ڈھیرا کی گلی اور بفلیاز کے درمیان دھتیار موڑ پر ایک اندھے موڑ پر حملہ آور ہوئیں۔ بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گرد، جن کی تعداد تین سے چار تک تھی، ابتدائی طور پر پہاڑی چوٹیوں پر پوزیشن لی اور فوج کی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے لیے ایک اندھے موڑ کا انتخاب کیا جس میں 5فوجی اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں اور دیگر کئی زخمی ہوئے ہیں جموں نشین دفاعی ترجمان نے بتایا کہ راجوری اور پونچھ کے جنگلی علاقوں میں 21 دسمبر سے دہشت گردی مخالف آپریشن جاری ہے۔لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تھانہ منڈی بفلیاز شاہراہ کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ تھانہ منڈی راجوری میں انکاونٹر کے پیش نظر بفلیاز روڈ پر فی الحال گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔خیال رہے علاقے میں سال رواں کے دوران کئی خوفناک حملے کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے یہ علاقہ خبروں میں رہا جس دوران متعدد حملہ آوروں کو بھی ہلاک کیا گیا ہے ۔