سری نگر/20اگست2024ئجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اِنتخابات کے لئے مکمل طو رپر تیار ہونے والے مرحلے کے ساتھ اِس خطے میں 93 ہزار سے زیادہ نئے رائے دہندگان کا نمایاں اِضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کی وجہ نوجوان رائے دہندگان اور خواتین رائے دہندگان کی تعداد میں اسی طرح کا اضافہ ہے ، یہاں تک کہ جموںوکشمیر یوٹی میں پولنگ سٹیشنوں کی تعداد میں بھی 209 کا اِضافہ ہوا ہے۔جموں و کشمیر یو ٹی کے چیف الیکٹورل آفیسر نے آج بتایا کہ جموں و کشمیر کے تمام 20 اَضلاع میں یکم جولائی 2024 ءکو کوالیفائنگ تاریخ سے فوٹو اِنتخابی فہرستوں کا سپیشل سمری رویژن کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ انتخابی فہرستوں کی درستگی، شمولیت اور شفافیت کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کرنے سے جموں و کشمیر میں سپیشل سمر رویژن کی مشق کامیابی سے مکمل کی گئی ہے۔ ہم ان تمام اہل شہریوں کو شامل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جنہوں نے 18 برس کی عمر کو پورا کیا ہے یا جنہوں نے پہلی بار اندراج کیا ہے ، نیز نااہل رائے دہندگان کی شناخت کرنے اور انہیں ہٹانے کے علاوہ غلطیوں اور تضادات کو درست کرنے کے علاوہ اِنتخابی فہرستوں کی درستگی کو بہتر بنایا جاسکے۔ ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے رائے دہندگان کی شرکت اور شمولیت کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ اِنتخابی عمل کی سا لمیت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور سپیشل سمری رویژن۔2024 کے قابل ذکر نتائج کی تفصیل سے بتایا۔چیف الیکٹورل آفیسر نے ایک بیان میں کہا،”حتمی اِنتخابی فہرست کی اشاعت کے ساتھ مکمل ہونے والی سپیشل سمری رویژن۔2024 کے مطابق رائے دہندگان کی کل تعداد 88.03 لاکھ ہے۔ اِن میں 44.89 لاکھ مرد، 43.13 لاکھ خواتین اور 168 خواجہ سرا ووٹر شامل ہیں۔“جموں و کشمیر میں اس سپیشل سمری رویژن میں کل93,284 رائے دہندگان کو شامل کیا گیا ہے جبکہ رائے دہندگان کی آبادی کا تناسب 0.59 سے بہتر ہوکر 0.60 ہوگیا ہے۔سی اِی او نے قابل ذکر کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 18 سے 19 برس کی عمر کے نوجوان ووٹرز کی تعداد میں 45,964 کا اضافہ ہوا ہے جن میں سے 24,310خواتین ہیں جبکہ خواتین ووٹرز کی مجموعی تعداد اب 51,142 ہوگئی ہے۔
اُنہوں نے کہا، ”جموں و کشمیر میں نوجوان رائے دہندگان کی تعداد میں یہ نمایاں اضافہ انتخابی عمل کے تئیں نوجوان رائے دہندگان کی وابستگی کو ظاہر کرتا ہے اور جموں و کشمیر میں 18 سے 29 برس کی عمر کے نوجوان رائے دہندگان کی کل تعداد 25.34 لاکھ ہے۔“
سی ای او نے سپیشل سمری رویژن کی مشق کے دوران کی جانے والی خصوصی کوششوں کا بھی ذکر کیا جس کے نتیجے میں رائے دہندگان کے صنفی تناسب میں 2 پوائنٹس کی بہتری آئی ہے جو کہ 959 سے بڑھ کر 961 ہوگئی ہے جس سے خواتین کی انتخابی شمولیت کو تیز کرنے کی کوششوں میں نمایاں پیش رفت ظاہر ہوتی ہے۔
ووٹرز کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں پولنگ سٹیشنوں کی تعداد میں بھی اس سال اضافہ دیکھا گیا ہے۔