پلوامہ/30اگست2024ئجنرل اوبزرور برجیش نارائن سنگھ نے آئندہ اسمبلی اِنتخابات کی تیاری کے سلسلے میں آج اسمبلی حلقہ 33 ۔ترال کا اہم دورہ کیا اور وہاں کے باشندوں سے براہِ راست بات چیت کی ، اِنتخابی عمل پر تبادلہ خیال کیا اور آئند ہ اِنتخابات سے متعلق کسی بھی مسائل کو دور کیا۔جنرل اوبزرور نے آزادانہ اور منصفانہ اِنتخابات کے اِنعقاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عوام کو یقین دِلایا کہ ووٹنگ کے آسان تجربے کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اَقدامات پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے مقامی لوگوں سے رائے اور تجاویز حاصل کیں جس سے الیکشن کمیشن کی شفافیت اور فعال عوامی شرکت کے عزم کو تقویت ملی۔ برجیش نارائن سنگھ کا دورہ ایک وسیع تر اقدام کا حصہ ہے جس کا مقصد رائے دہندگان کی بیداری کو بڑھانا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ رائے دہندگان کو اِنتخابی طریقہ کار کے بارے میں اچھی طرح سے آگاہ کیا جائے۔ میٹنگ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جس سے جمہوری عمل میں عوام کی فعال شمولیت کو اُجاگر کیا گیا۔بعد میں اوبزرورنے ترال کے سب ڈویژن ترال کے مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا جن میں نرگستان، گٹرو، ستورا، سوفی گنڈ، اریپال، لورگام، دیور اور دیگر علاقے شامل ہیں۔الیکشن کمیشن ترال حلقہ کے تمام اہل رائے دہندگان کو اَپنے ووٹ کا حق اِستعمال کرنے اور جمہوری عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دیتارہتا ہے۔