سری نگر:۸ ،اکتوبر: : دہلی میں برسراقتدارجماعت عام آدمی پارٹی نے ڈوڈہ میں کامیابی حاصل کرکےجموں و کشمیر میں اپنا کھاتا کھولا۔ معراج ملک نے بی جے پی سے وابستہ مدمقابل کو تقریباً 4500 ووٹوں سے ہراکر سب کو حیران کر دیا۔ جے کے این ایس کے مطابق ڈوڈہ سیٹ سے عام آدمی پارٹی کے اُمیدوار معراج ملک نے بی جے پی کے گجے سنگھ رانا کو شکست دی ہے۔جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے نتائج میں بڑے اُلٹ پھیر سامنے آئے ہیں کیونکہ بھاجپا کے صدر رویندر رینا سمیت کئی سینئر لیڈران بشمول سابق وزراءاور ارکان اسمبلی بھی الیکشن ہار گئے تاہم عام آدمی پارٹی کےلئے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے،کیونکہ اس پارٹی کے اُمیدوارمعراج ملک نے ڈوڈہ نشست پر بی جے پی سے وابستہ مدمقابل کو تقریباً 4500 ووٹوں سے ہراکر سب کو حیران کر دیا۔معر اج ملک کی جیت سے عام آدمی پارٹی کے کارکنان بہت خوش ہیں۔ دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اور پارٹی کنوینر اروند کیجریوال نے ڈوڈہ سیٹ جیتنے پرمعراج ملک کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کو شکست دے کر شاندار جیت حاصل کرنے پر ڈوڈہ سے عام آدمی پارٹی کے امیدوارمعراج ملک کو بہت بہت مبارکباد۔ آپ نے بہت اچھے طریقے سے الیکشن لڑا۔ پانچویں ریاست میں ایم ایل اے بننے پر پوری عام آدمی پارٹی کو مبارکباد