جموں/14فروری2025ئوزیر عمر عبداللہ نے آج شیرِ کشمیر یونیورسٹی آف ایگری کلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (سکاسٹ) جموں میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوامی خدمت میں ایمانداری، شفافیت اور لگن کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔یہ تقریب دیہی ترقیاتی محکمہ جموں و کشمیر میں نئے تعینات پنچایت سیکرٹریوں کو تقرری نامے تقسیم کرنے کے لئے منعقد کی گئی تھی۔وزیر اعلیٰ نے نئے منتخب تقرریوں کو مُبارک باد دیتے ہوئے اُنہیں یاد دِلایا کہ وہ حکومت اور عوام کے درمیان خلیج کو کم کرنے میں ایک اہم رول اَدا کریں گے۔اُنہوں نے کہا، "”تقرری عمل شفاف تھا، اگرچہ اسے کچھ چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا۔ مشکلات کے باوجود ہم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ یہ عمل منصفانہ طریقے سے مکمل ہو۔“وزیر اعلیٰ نے مزید کہا،”آج آپ کو جو تقرری نامے دئیے جا رہے ہیں، یہ کسی کا احسان نہیں بلکہ آپ کی محنت اور قابلیت کا نتیجہ ہیں۔“اُنہوں نے جموں و کشمیر میں پنچایتی راج نظام کی تاریخی ترقی کو یاد کرتے ہوئے ماضی کی حکومتوں خصوصاً سابق وزیر اعلیٰ شیخ محمد عبداللہ کی نچلی سطح پر حکمرانی کو مستحکم کرنے میں دی گئی خدمات کو سراہا۔