سری نگر18 اپریل : سرینگر سے سنیچر کی صبح جموںوکشمیر سے431عازمین حج پر مشتمل پہلا قافلہ حج بیت اللہ کے لئے روانہ ہوا ۔اس موقعے حج ہاوس سرینگر میںعازمین اور ان کے رشتہ داروںکی آنکھیں پُر نم تھیں ۔اس موقعے پر ضلع کی سیول اور پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی یہاںپر موجود تھے۔کشمیرنیوز سروس ( کے این ایس) کے مطابق جموں وکشمیر سے 431عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ تین خصوصی پروازوں کے ذریعے سرینگر کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سفر محمود کے لیے روانہ ہوا۔ پہلے قافلے میں 230 مرد جبکہ 201 خواتین عازم شامل تھیں۔ 145عازمین پر مبنی پہلی پرواز نے دوپہر 12 بجکر 20 منٹ پر سرینگر سے اپنی اڑان بھری، دوسری فلائٹ شیڈول کے مطابق 2بجکر 15 منٹ پر روانہ ہوئی جبکہ تیسری پرواز سہ پہر 3 بجکر 15 منٹ سرینگر سے روانہ ہوئی۔اس موقعے پر سنیچر کی صبح عازمین کے ہمراہ سینکڑوں کی تعداد میں آئے ان کے رشتہ دار مرد وزن اور بچے لبیک اللہم لبیک کے نعرے بلند کررہے تھے، جس سے حج ہاوس بمنہ کی فضائیں روح پرور نعروں اور درود واذکار سے گونج اٹھی۔امسال حج بیت اللہ کے لیے بھارت کے ایک لاکھ 75ہزار 25عازمین فریضہ حج انجام دینے جارہے ہیں۔ جن میں جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے 4704 عازمین بھی شامل ہیں۔ مجموعی تعداد میں 2200خواتین عازمین کے علاوہ بغیر محرم کی 13خواتین بھی شامل ہیں۔ جموں وکشمیر میں انتظامیہ اور جموں حج کمیٹی کی جانب سے کیے گئے انتظامات سے عازمین کافی خوش اور مطمئن نظر آئے۔ضلع ترقیاتی کمشنر اکشے لابرو نے حج ہاو¿س میں پہلے قافلے کو روانہ کرتے ہوئے کہا کہ مختلف محکموں کے تال میل سے تمام انتظامات مکمل ہیں تاکہ عازمین کو کسی بھی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔گزشتہ برس 2025 کے مقابلے میں حج 2026 کے لیے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔سعودی عرب کی جانب سے امسال حجاج کرام کے لیے کئی تبدیلیاں عمل میں لائی گئیں ہیں۔متعارف کئے گئے ضوابط میں سخت صحت اسکریننگ بھی شامل ہے۔جس کے تحت سنگین طبی حالت کے حامل کچھ درخواست دہندگان کو نااہل بھی قرار دیا گیا ہے۔ مکتہ المکرمہ کے عزیزیہ جیسے مقامات پر عازمین کے لیے خود کھانا پکانے کی سہولیت بند کردی گئی ہے۔ وہیں پہلی بار عازمین کی نگرانی کے مقصد کی خاطر سم پر مبنی ڈیٹا سے لیس سمارٹ واچز دی گئی ہیں جو پہلے والے کلائی بندوں کی جگہ لیں رہی ہے۔جموں و کشمیر حج کمیٹی کے ایگزیٹو آفیسر ڈاکٹر شجاعت قریشی نے کہا کہ عازمین کا سامان 40 کلو کم کر کے 25کلو کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سرینگر میں امیگریشن مکمل کی جائیں گی۔جس کے بعد پروازیں ایندھن بھرنے کے لیے دلی میں رک کر مدینہ کے لیے روانہ ہوں گی۔خیال رہے 18 اپریل سے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ شروع ہوکر رواں ماہ 28اپریل تک جاری رہے گا۔









