سری نگر// جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے زیرو برج علاقے میں مختلف سماجی کارکنان اور عام شہریوں نے زیون حملے کے خلاف کینڈل لائٹ مارچ کے ذریعے اپنا احتجاج درج کیا.اس موقع پر کئی ذی عزت شہریوں نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ ہلاکتوں پر فوری لگانے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائے جائیں۔ یو این آئی اردو نامہ نگار نے بتایا کہ ’منگل کی شام کو سری نگر کے زیروبرج علاقے میں متعدد سماجی کارکنان، مقامی اور غیر مقامی شہری جمع ہوئے اور کینڈل لائٹ جلا کر زیون حملے میں جاں بحق ہوئے پولیس اہلکاروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا‘۔انہوں نے کہا کہ اس پُر امن احتجاج میں شامل لوگوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ بھی اُٹھا رکھے تھے جن پر جموں وکشمیر پولیس کے ساتھ اظہار یکجہتی کے الفاظ درج تھے۔کینڈل لائٹ احتجاج میں کئی دوشیزائیں بھی شامل تھیں جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں موم بتیاں لے رکھی تھیں۔ اس موقع پر کئی ذی عزت شہریوں نے کہا کہ زیون میں پولیس اہلکاروں پر حملہ انسانیت کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات ناقابل برداشت ہے اور ان پر فوری روک لگانے کی اشد ضرورت ہے۔واضح رہے کہ پیر کی شام کو زیون پانتھ چوک علاقے میں جنگجوﺅں نے پولیس گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 11دیگر زخمی ہوئے تھے۔یو این آئی