سری نگر//جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے چھتہ بل علاقے میں منگل کے روز ایک سڑک حادثے میں ایک نوجوان از جان جبکہ اس کے دو بھائی زخمی ہوگئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے چھتہ بل علاقے میں منگل کے روز ایک موٹر سائکل اور ایک ٹپر کے درمیان زور دار ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل چلانے والے نوجوان کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ اس دو بھائی زخمی ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔متوفی نوجوان کی شناخت 21 سالہ الطاف احمد شیخ ولد غلام رسول شیخ جبکہ زخمیوں کی شناخت سمیر احمد شیخ اور کفایت شیخ پسران غلام رسول شیخ ساکنان میر ہامہ کولگام کے بطور ہوئی ہے۔دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ سرکاری اعداد شمار کے مطابق یونین ٹریٹری میں سال2021 کے دوران 5 ہزار 36 ٹریفک حادثات رونما ہوئے جن میں 713 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ٹریفک حکام کا ماننا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی وادی میں ٹریفک حادثات ہونے کی بنیادی وجہ ہے۔متعلقہ محکمہ ٹریفک نظام کو درست کرنے اور ٹریفک قوانین پر من و عن عمل در آمد کو یقینی بنانے کے لئے مختلف حکمت عملیوں کو اپنا رہا ہے۔