سرینگر: 7 فروری
اونتی پورہ نمبل میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین مختصر گولیوں کے تبادلے میں ایک مقامی جنگجو جاں بحق ہوا۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکور ٹی فورسز نے اونتی پورہ کے نمبل علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پیر کی شام کو تلاشی آپریشن کے دوران ہی سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان اچانک آمنا سامنا ہوا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس مختصر جھڑپ میں ایک مقامی جنگجو جاں بحق ہوا ہے۔ نمائندے نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن کا دائرہ وسیع کیا۔ یو پی آئی نے اس ضمن میں جب اونتی پورہ پولیس کے ساتھ رابط قائم کیا تو انہوںنے اس بات کی تصدیق کی کہ نمبل اونتی پورہ میں ایک جنگجو از جان ہوا ہے۔ انہوںنے مہلوک ملی ٹینٹ کی شناخت عرفان احمد شیخ ساکن کریم آباد پلوامہ کے بطور کی ہے۔