مختلف عوامی وفود بشمول یوتھ ایکشن کمیٹی بھدرواہ کے ممبران ، شاہ آباد ڈیولپمنٹ فورم اور جموں و کشمیر ریزروڈ کیٹاگریز ایمپاورمنٹ الائینس نے آج راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ یوتھ ایکشن کمیٹی بھدرواہ کے وفد نے اس کے چئیر مین نصیر محبوب کی قیادت میں لفٹینٹ گورنر سے اپنے علاقے کے مختلف مسائل بشمول ایس ڈی ایچ بھدرواہ میں صحت کی سہولیات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے بھدرواہ میں ایک اولڈ ایج ہوم اور منشیات سے چھٹکارا مرکز کا مطالبہ بھی کیا ۔شاہ آباد ڈیولپمنٹ فورم کے ممبران نے اس کے چئیر مین ظہور احمد ملک کی قیادت میں لفٹینٹ گورنر کو ڈورو شاہ آباد ، اننت ناگ کی ترقی سے متعلق مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا ۔ مطالبات میں ڈورو میں ایم سی سی ایچ کے قیام ، ویری ناگ میں اسپورٹس اسٹیڈیم ، پی ایچ سی ویری ناگ کی اپ گریڈیشن ، ویری ناگ میں کیبل کار پروجیکٹ کے علاوہ دیگر مطالبات تھے ۔ لفٹینٹ گورنر نے وفد کے ارکان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یو ٹی حکومت جموں و کشمیر کے تمام خطوں کی مساوی اور تیز رفتار ترقی کیلئے پُر عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے تمام حقیقی مطالبات کو یو ٹی انتظامیہ کے متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھایا جائے گا تا کہ ان کا میرٹ پر مناسب ازالہ کیا جا سکے۔ محکمہ ہائیر ایجوکیشن میں اسسٹنٹ پروفیسرز کے خواہشمندوں کے وفود اور جموں کشمیر ریزروڈ کیٹا گری ایمپاورمنٹ الائینس نے بھی لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی اور انہیں اپنے متعلقہ مسائل سے آگاہ کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے ان کے مطالبات کو غور سے سُنا اور مناسب ازالے کا یقین دلایا ۔