پرائیوٹ سکولوں کی کمیٹی فار فیس فکزیشن اینڈ ریگولیٹری کمیٹی (ایف ایف آر سی ) نے نجی اسکولوں کو ٹرانسپورٹ فیس میں بارہ فیصد اضافہ کرنے کی اجازت دی ہے۔سکولوں کے فیس کے تعین اور ضابطے کی کمیٹی (ایف ایف آر سی ) نے جمعے کے روز ایک حکم نامہ جاری کیا جس کے تحت پرائیوٹ اسکول انتظامیہ کو ٹرانسپورٹ فیس میں 12 فیصد اضافہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ایف ایف آر سی کے مطابق نجی اسکولوں کی انتظامیہ کو ٹرانسپورٹ فیس میں بارہ فیصد اضافہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے جو کہ ونٹر زون میں اکتوبر 2019 اور سمر زون میں فروری 2020 میں ٹرانسپورٹ کی سہولیت حاصل کرنے والے طلبا ادا کر رہے تھے۔فکزیشن کمیٹی کی
جانب سے جاری حکمنامے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ حکم اسکولوں کے دوبارہ کھلنے کی تاریخ سے عمل میں آئے گا۔حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ کوئی بھی اسکول ٹیوشن فیس، ٹرانسپورٹ فیس یا کسی دوسرے فیس کی پیشگی ادائیگی کے لئے والدین سے کسی قسم کا معاہدہ نہیں لے گا۔انہوں نے بتایا کہ والدین کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ماہانہ یا سہ ماہی بنیادوں پر اسکولوں میں فیس جمع کریں۔بتادیں کہ سکولوں کے فیس کے تعین اور ضابطے کی کمیٹی (ایف ایف آر سی ) میں والدین نے تحریری طورپر شکایت درج کی ہے کہ نجی اسکول انتظامیہ نے ٹرانسپورٹ فیس میں از خود اضافہ کردیا ہے جو قواعد و ضوابط کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔فیس فیکزیشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ والدین کی جانب سے اْنہیں تحریری طورپر شکایت موصول ہوئی تھی کہ نجی اسکول انتظامیہ نے ٹرانسپورٹ فیس میں پچاس فیصد تک اضافہ کردیا ہے اور یہ کہ والدین سے پیشگی میں ہی فیس جمع کرنے کے بارے میں بھی دباو ڈالا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ متعدد شکایتیں موصول ہونے کے بعد فیس فیکزیشن کمیٹی کی ایک میٹنگ 9 مارچ 2022 کو منعقد ہوئی جس دوران فیصلہ لیا گیا کہ پرائیوٹ اسکول انتظامیہ صرف بارہ فیصد تک ہی ٹرانسپورٹ فیس میں اضافہ کرسکتے ہیں۔