بشارت رشید
ترال، 30 جولائی: ڈیجیٹل جموں و کشمیر ہفتہ کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر گورنمنٹ ڈگری کالج ترال کشمیر کی جانب سے سنیچر کو ایک پینٹنگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔کالج کے ایک عہدیدار کے مطابق اس تقریب کا بنیادی مقصد مختلف سرکاری محکموں کی طرف سے فراہم کی جانے والی ڈیجیٹل خدمات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور طلباء کو اپنے فن کے ذریعے ان خدمات کو پہچاننے اور پیش کرنے کے قابل بنانا تھا۔اس موقع پر کالج کے پرنسپل پروفیسر مشتاق احمد لون نے پینٹنگ مقابلے کا افتتاح کیا، اور ڈیجیٹل دنیا کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اس مقابلے میں ترال علاقے کے مختلف ہائر سیکنڈری اسکولوں کے کل 23 طلبہ کے علاوہ ڈگری کالج کے طلبہ نے حصہ لیا۔مقابلے میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول ترال کی فضا منظور نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈریسکول لورگام کی نورینہ قادر اور گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول نورپورہ کی سمیرا فیاض نے بالترتیب دوسری اورتیسریپوزیشن حاصل کی، جن کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔اس کے علاوہ تمام شرکاء کو اس مقابلے میں شرکت کرنے پر سرٹیفکیٹس فراہم کئے گئے۔