سری نگر:۹، دسمبر:سری نگر کے راجباغ علاقے میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں 2رہائشی مکان ،ایک ہوٹل اورادویات سے بھرا ایک گودام خاکستر ہوگئے جبکہ اس دوران کروڑوں روپے مالیت کی املاک اورلاکھوں روپے مالیت کاسامان بھی تباہ ہوگیاجبکہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران2فائرمین زخمی ہوگئے۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق راجباغ سری نگرمیں اُسوقت سراسیمگی پھیل گئی ،جب یہاں جمعے کوبعدددوپہر کاروباری مقاصد کیلئے استعمال میں لائے جارہے ایک مکان سے آگ نمودار ہوئی ،جس نے آناًفاناً نزدیکی مکا ن ،ہوٹل کی عمارت اورادویات سے بھرے ایک گودام کوبھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔عینی شاہدین نے بتایاکہ شعلوںکی زدمیں آنے والی عمارات بشمول ہوٹل میں موجود گیس سلنڈروںکے پھٹ جانے سے نہ صرف دھماکے ہوئے بلکہ آگ تیزی کیساتھ پھیل کر عملاً بے قابو ہوگئی ۔انہوںنے کہاکہ اس دوران فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکار آگ بجھانے والی گاڑیاں لیکر یہاں پہنچے اورانہوںنے آگ پرقابو پانے کی کارروائی عمل میں لائی ۔معلوم ہواکہ دومکانات ،ایک ہوٹل اورایک گودام میں پھیلی آگ اس قدر ہولناک تھی کہ دوردورتک شعلے نظرآئے اور دھواں دیکھاگیا۔ذرائع نے بتایاکہ آگ پر قابو پانے کی کارروائی کے دوران فائر اینڈ ایمرجنسی سروسزمحکمے کے 2اہلکارزخمی ہوگئے،جن کواسپتال منتقل کیاگیا۔ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسزمحکمے کے ذرائع نے بچاﺅ کارروائی کے دوران 2اہلکاروںکے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ آگ پرقابو پانے کیلئے کئی فائرٹینڈروںکویہاںکام پرلگایاگیا۔انہوںنے بتایاکہ کافی محنت ومشقت کے بعداس بھیانک آگ کوکنٹرول کیاگیا۔حکام نے بتایاکہ راجباغ سری نگرمیں اولڈزیروبرج کے نزدیک رونماہوئی آگ کی اس واردات میں 2مکانات،ایک ہوٹل عمارت اورادویات سے بھرے ایک گودام کوبھی کافی نقصان پہنچا۔انہوںنے بتایاکہ آگ لگنے کی ابتدائی وجہ رسوئی گیس کااخرج لگتاہے تاہم معاملے کی تحقیقات پولیس نے شروع کردی ہے ۔