بشارت رشید
ترال: جنوبی کشمیر کے ترال علاقے سے چار کلومیٹر کی دورہ پر واقع گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بٹہ گنڈ میں جمعرات کو سالانہ دن کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسکولی بچوں کی ایک بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ اسکول کے عملے اور مقامی لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقعے پر اسکولی بچوں کی جانب سے کئی رنگارنگ پروگراموں کا اہتمام بھی کیا گیا، جس دوران طلباء نے اپنے اپنے ہنر کا مظاہرہ کرکے شرکاء کو محظوظ کیا، جس پر شرکاء نے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ پروگرام کے دوران منشیات کی وباء کو ختم کرنے کے حوالے سے بھی مفصل بات چیت کی گئی، جس پر کچھ اسکولی طلباء نے ایک کشمیری ڈرامہ بھی پیش کیا۔ سالانہ دن کی تقریب کے آخر پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالب علموں اور اساتذہ میں انعامات تقسیم کئے گئے۔