سری نگر:15،جنوری: شعراءنے شرکت کرتے ہوئے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم اور کشمیری زبان اس بلند پایہ سپوت کو رہتی دنیا تک یاد کرتی رہی گی۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی م پلوامہ اور نوو ادبی کاروان کے باہمی اشتراک سے مرحوم پروفیسر رحمان راہی کی یاد میں محفل مشاعرہ منعقد کیا گیا تقریب میں ضلع کے کئی علاقوں سے تعلق رکھنے والے نامور شعراءاور ادباءنے شرکت کی۔تقریب کی صدارت ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی کے وائس چیئرمین غلام محمد دلشاد نے کی جبکہ نظامت کے فرائض نامور شاعر فیاض دلگیر نے انجام دئے۔اس موقع پر شاعروں اور ادیبوں نے پروفیسر رحمان راہی کے انتقال پر زبردست دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے انتقال سے کشمیری زبان کو کافی نقصان پہنچا ہے۔شاعر غلام محمد دلشاد نے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کو کشمیری زبان کی تہذیب اور تمدن کا خیر خواں قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم کا انتقال کشمیری زبان کے لیے ایک بہت بڑا سانحہ ہے۔مشاعرے میں جن شعرا نے شرکت کی ان میں شاہ اعجاز،محترمہ فاطمہ جی،عبدالرشید دلبر،شمس سلیم،عبد رشید صدیقی فیاض دلگیر اور جی ایم دلشاد قابل ذکر ہے۔تقریب کے آخر پر غلام محمد دلشاد کی صدارت میں ایک دعائیہ مجلس کا اہتمام بھی کیا گیا اور مرحوم پروفیسر رحمان راہی کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی۔