پلوامہ: اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے وابستہ کالجوں نے جمعرات کو یونیورسٹی کے اے بی III آڈیٹوریم میں چھٹے ‘اورینٹیشن کم انڈکشن’ پروگرام کا انعقاد کیا۔ پروگرام کی صدارت ڈین اکیڈمک افیئرز نے بطور مہمان خصوصی کی، جبکہ ڈین سکول آف ہیلتھ سائنسز بطور مہمان زی وقار موجود رہے۔ اس کے علاوہ ڈین سٹوڈنٹس ویلفیئر، ‘واٹسن کرک سنٹر فار مالیکیولر میڈیسن’ کے ایچ او ڈی اور فیکلٹی، یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور دونوں نرسنگ کالجوں کے طلباء نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تقریب حلف برداری اور چراغاں سے ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی، ڈین اکیڈمک افیئرز پروفیسر منظور احمد ملک نے معاشرے اور پوری دنیا میں نرسنگ پروفیشن کے کردار کو سراہا اور کہا کہ بہتر صحت نظام کو یقینی بنانے میں نرسوں کا اہم رول رہتا ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی اور ڈین سکول ہیلتھ سائنسز پروفیسر ایوب قادری نے موجودہ حالات میں نرسنگ کے پیشے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نرسنگ کے پیشے کے تحقیقی پہلو پر بھی روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ ڈین سٹوڈنٹس ویلفیئر ڈاکٹر آصفہ بابا نے بھی یونیورسٹی میں ڈین آف سٹوڈنٹ آفس کی اہمیت کے بارے میں رائے دی۔ تقریب میں نرسنگ کالجز کی پرنسپل پروفیسر (اے) عصمت پروین نے نئے طلباء کا والہانہ استقبال کیا۔ انہوں نے پیشہ ورانہ تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور طلباء کو "نرسنگ پروفیشن” میں داخلہ لینے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے تعلیم کی اہمیت اور طالب علموں کو کالج اور یونیورسٹی میں دستیاب مختلف سہولیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔