4کروڑ 34لاکھ 61ہزارروپے مالیت کی مختلف اقسام کی منشیات برآمد
بارہمولہ:یکم اپریل :بارہمولہ پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے رواں سال کے پہلے تین مہینوںکے دوران 113ملزمان کی گرفتاری عمل میں لانے کے ساتھ ہی 7بدنام منشیات فروشوں کوپبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مختلف جیلوںمیں منتقل کیا ۔جے کے این ایس کے مطابق منشیات مخالف مہم کے حوالے سے بارہمولہ پولیس کی جانب سے مرتب کردہ اعداد وشماکے مطابق سال2023کے پہلے تین مہینوں یعنی جنوری ،فروری اورمارچ میں ضلع کے مختلف پولیس تھانوںمیں منشیات فروشی سے متعلق کل75کیس درج کئے گئے ،113منشیات اسمگلروںکوگرفتار کیاگیا،7بدنام منشیات فروشوں پر پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرکے اُنھیں مختلف جیلوںمیں بھیج دیاگیا۔اس دوران بارہمولہ پولیس نے 4کروڑ 34لاکھ 61ہزارروپے مالیت کی مختلف منشیات برآمد کرکے ضبط کی ،جس میں 3.26کروڑ روپے مالیت کا3.269کلوگرام براﺅن شوگر،98.90لاکھ روپے مالیت کی1.85کلوگرام ہیروئین،26.23لاکھ روپے مالیت کا6.831کلوگرام چرس،پوست کے بھوسے سمیت9.22لاکھ روپے مالیت کی61.51کلوگرام دیگر نشہ آور مادہ بھی شامل ہے ۔پولیس کے مطابق منشیات فروشوں کیخلاف جاری مہم کے دوران رواں سال کے پہلے تین مہینوںمیں منشیات کوایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کیلئے استعمال ہونے والی11گاڑیاں ضبط کی گئیں ۔اسکے علاوہ منشیات فروشوںکی تحویل سے 40.85لاکھ روپے کی نقدی بھی برآمد کرکے ضبط کی گئی ۔بارہمولہ پولیس کے ذرائع نے مزید بتایاکہ منشیات فروشوں کیخلاف جاری مہم میں پولیس تھانہ بارہمولہ ،پولیس تھانہ اوڑی،پولیس تھانہ بونیار ،پولیس تھانہ پٹن اور پولیس تھانہ ٹنگمرگ میں پیش پیش رہے ہیں ۔