نئی دہلی :۱۱؍جون
امت شاہ نے آج نئی دہلی کے نارتھ بلاک میں مرکزی وزیر داخلہ کے طور پر دوبارہ چارج سنبھالا۔ ‘ایکس’ پر اپنی پوسٹ میں جناب امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں وزارت داخلہ(ایم ایچ اے) ملک اور اس کے لوگوں کی سلامتی کے لیے عہد بند رہے گی، جیسا کہ یہ ہمیشہ رہی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ مودی 3.0 ہندوستان کی سلامتی کے لیے اپنی کوششوں کو اگلے درجے تک لے جائے گا اور بھارت کو دہشت گردی، شورش اور نکسل ازم کے خلاف ایک مضبوط ہتھیار کے طور پر تعمیر کرے گا۔اس سے پہلے آج مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے نیشنل پولیس میموریل میں شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی پولیس فورسز کے شہداء کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے قوم کی عزت کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور جن کی قربانیوں کی داستان نے حب الوطنی کے جذبے کو ہمیشہ کے لیے امر کر دیا۔تفصیلات کےمطابق بی جے پی کے سرکردہ رہنما امیت شاہ نے نئی دہلی میں وزیر داخلہ اور وزیر تعاون کا عہدہ سنبھال لیا۔نارتھ بلاک میں وزارت کے دفتر پہنچنے پر ان کا استقبال وزرائے مملکت (داخلہ) نیتی آئند رائے اور بندی سنجے کمار کے ساتھ داخلہ سیکرٹری اجے بھلا نے کیا۔امیت شاہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نئی تشکیل شدہ بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت میں وزیر داخلہ اور وزیر تعاون کے طور پر ذمہ داریاں دوبارہ تفویض کیں۔ شاہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا ’’وزیر اعظم نریندرمودی کا اعتماد بحال کرنے اور مجھے وزیر داخلہ اور تعاون کے وزیر کے کرداروں کو دوبارہ تفویض کرنے کے لیے شکریہ‘‘۔وزارت داخلہ میں اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا’’مودی 3.0 میں وزارت داخلہ سیکورٹی اقدامات کو تیز اور مضبوط کرتا رہے گا اور وزیر اعظم مودی کے محفوظ بھارت کے ویژن کو پورا کرنے کیلئے نئے طریقے متعارف کرائے گا۔کسانوں اور دیہاتوں کو بااختیار بنانے کے بارے میں شاہ نے کہا’’مودی جی کی ہوشیار قیادت میں، تعاون کی وزارت ‘سہکار سے سمردھی’ کے ویژن کے ساتھ کسانوں اور دیہاتوں کو بااختیار بنانے کیلئے پرعزم رہے گی‘‘