جموں/27 ستمبر 2025ئایمپلائمنٹ ڈیپارٹمنٹ جے اینڈ کے کی جانب سے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے ایک تاریخی اقدام کے طور پر آج مشن یووا کے تحت جموں کنونشن سینٹر میں میگا جاب فیئر کا اِنعقاد کیا گیا۔اِس تقریب کا اِفتتاح نائب وزیرا علیٰ سریندر کمار چودھری نے کیاجس میں تمام شراکت داروں بشمول روزگار کے متلاشیوں ، آجروں ، سرکاری اَفسران اور تعلیمی اِداروں نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔اِس موقعہ پرنائب وزیرا علیٰ نے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کو مشن یووا کے تحت فراہم کردہ مواقع سے بھرپور اِستفادہ کرنے کی ترغیب دی۔ اُنہوں نے کہا،”یہ محض ایک سکیم نہیں بلکہ ایک تبدیلی کی تحریک ہے جس کا مقصد ایک خود انحصاری اور بااختیار نسل کی تعمیر ہے۔“اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ کی قیادت میں حکومت بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے نئی راہیں کھولنے اور اُن کے لئے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لئے پُرعزم ہےنائب وزیرا علیٰ سریندر چوہدری نے کہا کہ مشن یووا کے تحت یہ میگا جاب فیئر جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو تیزی سے بدلتے ہوئے سماجی و اِقتصادی منظرنامے میں کامیاب ہونے کے لئے ضروری وسائل، مواقع اور ہنر فراہم کرنے کی حکومت کی مسلسل کوششوں میں ایک سنگ میل ہے۔






