سری نگر/11 ؍جون2024ء
آل اِنڈیا فٹ بال فیڈریشن نے جموں و کشمیرسپورٹس کونسل کی فٹ بال اکیڈیمی کی نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور جموںوکشمیر یوٹی میں نچلی سطح پر فٹ بال کی ترقی کو فروغ دینے کی غیر معمولی کوششوں اور لگن کو تسلیم کرتے ہوئے اکیڈمی کو 2023-24 ء کے لئے بہترین گراس روٹ سینٹر ایوارڈ سے نوازا ہے۔اے آئی ایف ایف نے جے کے ایس سی کی فٹ بال اکیڈیمی کو اے آئی ایف ایف بلیو کیبز ڈیولپمنٹ سینٹر اَقدام کے لئے بھی منتخب کیا ہے جو نچلی سطح پر فٹ بال ٹیلنٹ کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اکیڈمی کی سرگرمیوں اور کامیابیوں کو مزید بہتر کرے گا۔واضح رہے کہ اے آئی ایف ایف بلیو کیبز ڈیولپمنٹ سینٹر کا اَقدام نوجوان فٹ بالروں کی پرداخت کرنے کی کوشش کرتا ہے ہے اور انہیں کم عمری سے ہی پیشہ ورانہ تربیت اور نمائش سے آراستہ کرتا ہے۔ اِس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اس پروجیکٹ سے باصلاحیت فٹ بال کھلاڑیوں کی ایک نئی نسل تیار کرنے اور جموں و کشمیر میں اس کھیل کے معیار کو بلند کرنے سے جموںوکشمیر یوٹی کو فائدہ ہوگا۔2017 میں قائم کی گئی جموں و کشمیر سپورٹس کونسل فٹ بال اکیڈیمی ہر سال آئی ایس ایل اور آئی لیگ ٹیموں کے لئے کھلاڑی تیار کرتی ہے۔ اِس کے علاوہ 13 کھلاڑی جن میں ساحل خورشید، جہانگیر، محیط شبیر، عبدالصالحہ، رشی راجپوت، سجاد حسین، سہیل احمد اور کئی دیگر شامل ہیںاور مختلف عمر کے گروپوں میں اِنڈین نیشنل ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ فی الحال 1,500 سے زیادہ خواہشمند فٹ بال کھلاڑی پورے جموں و کشمیر میں پھیلے 12 کھیلو اِنڈیا فٹ بال مراکز اور 13 جے کے ایس سی اکیڈیمی ضلع یونٹوں میں کوچنگ حاصل کر رہے ہیں۔ اِس کے علاوہ سری نگر اور جموں کے جے کے ایس سی فٹ بال سکول میںچھوٹے بچے بھی بڑی تعداد میں کھیل کی طرف توجہ حاصل کرتے ہیں۔کھیلوں کی سہولیات میں حکومت کی سرمایہ کاری اور جے کے ایس سی نے گزشتہ برسوں میں کھلاڑیوں کے لئے بنائے گئے پلیٹ فارم کے نتیجے میں یہ سنگ میل حاصل کیا ہے۔ اِس کے علاوہ جے کے ایس سی کے کوچز بین الاقوامی سطح پر کھلاڑیوں کی کامیابی کے علاوہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر بھی شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔سیکرٹری محکمہ اَمورنوجوان و کھیل کود سرمد حفیظ نے اِس شاندار کامیابی پر اکیڈیمی کے کوچوں، عملے اور ٹرینروں کو سراہا۔اُنہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہاکی ہدایت پر جموں و کشمیر میں کھیلوں کو زبردست فروغ ملا ہے جو جے کے ایس سی کے صدر بھی ہیں۔سیکرٹری جے کے ایس سی نزہت گل نے کہا کہ فٹ بال خطے میں سب سے زیادہ مقبول کھیل ہے۔ اِس طرح اَقدامات سے ہمارا مقصد ہے کہ ہمارے زیادہ سے زیادہ فٹ بالرز مستقبل میں جموںوکشمیر یو ٹی اور ملک کا نام روشن کریں۔