کولگام میں بھارت جوڑو یاترا کی تیاریوں پر اجلاس منعقد
اننت ناگ: شمالی کشمیر کے بعد، کانگریس پارٹی نے بھارت جوڑو یاترا کے پیش نظر اتوار کو جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے مالپورہ گاؤں میں ایک اور میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا۔ اس میٹنگ کی صدارت آل انڈیا یوتھ کانگریس کے جوائنٹ سکریٹری منپریت سنگھ منی نے کی، جبکہ میٹنگ میں پلوامہ ضلع کے یوتھ کانگریس صدر شعیب ماگرے بھی موجود تھے۔ اس دوران علاقے کے مقامی لوگوں اور پارٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ بھارت جوڑو یاترا کے پیش نظر یوتھ لیڈر منپریت سنگھ نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو آگے آنا چاہئے اور کانگریس پارٹی کے ساتھ اتحاد کی راہ پر چلنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اتحاد ہماری طاقت ہے، ہمیں اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے راہول گاندھی کی قیادت میں بھات جوڑو یاترا کی حمایت میں اجتماعی طور پر آگے آنا چاہیے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ راہول گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا گزشتہ سال ستمبر میں شروع ہوئی تھی اور اس ماہ کے آخر میں سرینگر میں اختتام پذیر ہوگی۔