:آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ کے مطابق پاکستان کے آل فارمیٹس کپتان بابر اعظم اب بھی محدود اوورز کے دونوں فارمیٹس میں پہلے نمبر پر ہیں۔ ون ڈے رینکنگ میں بابراعظم کو دوسری پوزیشن پر موجود سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی پر 62 پوائنٹس کی سبقت حاصل ہے جب کہ وہ ٹی ٹونٹی فامیٹ میں ساتھی اوپنر محمد رضوان سے صرف سات پوائنٹس آگے ہیں۔فخر زمان اب بھی ون ڈے رینکنگ میں نمبر 9 ہیں اور فخر اور بابر دونوں مزید آگے بڑھنے کی کوشش کریں گے کیونکہ پاکستان آسٹریلیا کے خلاف تاریخی سیریز کی تیاری کر رہا ہے۔ آسٹریلیا کو تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز، تین ون ڈے میچوں کی سیریز اور واحد ٹی ٹونٹی کھیلنے کے لیے اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔رضوان نے ٹی ٹونٹی رینکنگ میں اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہوئی ہے اور بابر اور رضوان اپریل میں آسٹریلیا کے خلاف واحد ٹی ٹونٹی مقابلے میں مزید ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ۔دریں اثناء بابر اعظم نے ٹیسٹ فارمیٹ میں بھی اپنی 9ویں پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ بابر اور سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی اب بھی دنیا کے صرف دو بلے باز ہیں جو تینوں فارمیٹس میں ٹاپ 10 بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں ۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے T20 دورے کے بعد سے بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔ اگرچہ کھلاڑیوں کو اپنی رینکنگ کو بہتر کرنے کا موقع نہیں ملا لیکن ان کی پچھلی پرفارمنس نے انہیں رینکنگ میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں مدد فراہم کی۔ادھر پاکستان کے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز شاہین آفریدی نے آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ باؤلرز رینکنگ میں ایک درجہ چھلانگ لگا دی ہے۔ شاہین اب ٹیسٹ رینکنگ میں دنیا میں چوتھے نمبر پر ہیں جب کہ جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر کاگیسو ربادا تین درجے تنزلی کے بعد اب چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔ شاہین آفریدی نے گزشتہ سال بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کی ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد سے ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔وہ اگلے ماہ اس کھیل کے طویل ترین فارمیٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے کیونکہ آسٹریلیا کو پاکستان کے تاریخی دورے پر تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے۔ شاہین آفریدی جنہوں نے گزشتہ سال ٹاپ 3 ٹیسٹ باؤلر رینکنگ میں جگہ بنائی تھی، اسی طرح کا سنگ میل دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہوں گے کیونکہ وہ دنیا کی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم کے خلاف پاکستانی باؤلنگ اٹیک کی قیادت کرتے ہیں۔تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستانی لیگ سپنر شاداب خان ایک درجہ نیچے آگئے ہیں۔ شاداب، جو گزشتہ ہفتے 9ویں نمبر پر تھے، ایک درجے تنزلی کے بعد اب 10ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ آسٹریلیا کے ایشٹن ایگر سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں اپنی غیر معمولی کارکردگی کے بعد نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ شاداب بھی اپنی پوزیشن دوبارہ حاصل کرنے کے خواہاں ہوں گے کیونکہ پاکستان اپریل میں آسٹریلیا کے خلاف واحد T20I میں کھیلے گا۔