نئی دہلی، 23 فروری (یو این آئی) سابق آسٹریلیائی آل راؤنڈر شین واٹسن آئی پی ایل کے آئندہ 2022 سیزن کے لئے دہلی کیپٹلس ٹیم کے کوچنگ عملے میں شامل ہونے کے لئے تیار ہیں۔کرک بز کے مطابق، ٹیم کے ہیڈ کوچ رکی پونٹنگ نے ان کی سفارش کی ہے اور یہ سمجھا جاتا ہے کہ انہیں ٹیم میں شامل کرنے سے قبل صرف چند رسمی کارروائیاں مکمل کرنا باقی ہیں۔ 40 سالہ واٹسن، جو راجستھان رائلز اور چنئی سپر کنگز کا حصہ رہ چکے ہیں، دہلی کیپٹلس کے اسسٹنٹ کوچ ہوں گے، حالانکہ ان سے پہلے کچھ اسسٹنٹ کوچ پونٹنگ کے ماتحت کام کر رہے ہیں۔ ہندوستان کے سابق تیز گیند باز اجیت اگرکر کو بھی منگل کو ٹیم کا اسسٹنٹ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔اس کے علاوہ سابق ہندوستانی بلے باز پراوین آمرے فرنچائزی کے ایک اور اسسٹنٹ کوچ ہیں، جو طویل عرصے سے فرنچائزی کے سپورٹ اسٹاف کے رکن ہیں۔کوچ پونٹنگ اور کپتان رشبھ پنت کی قیادت میں کوچنگ عملے میں ردوبدل ایک ایسے وقت میں ہوا جب ٹیم کو نئے آئیڈیاز کی تلاش ہے۔ ٹیم تاہم جیمز ہوپس کے ساتھ برقرار ہے، جو ٹیم کے باؤلنگ کوچ رہ چکے ہیں۔ ٹیم نئے فیلڈنگ کوچ کا تقرر بھی کر سکتی ہے لیکن ابھی تک کسی امیدوار کا انتخاب نہیں کیا گیا۔